تاجروں کا وزیراعظم کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ

تاجروں کا وزیراعظم کو عمران خان سے بات چیت کا مشورہ

کراچی کی تاجربرادری نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہاتھ ملائیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی تاجر برادری نے وزیراعظم شہباز شریف کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے بات چیت کرنے کی تجویز دے دی ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کراچی کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، سندھ حکومت کے ساتھ اجلاس کئے ، اس کے بعد کراچی کی کاروباری برادری سے بھی خطاب کیا۔ تاجروں سے ملاقات میں کاروباری شخصیات نے وزیر اعظم شہبازشریف کو عمران خان سے بات چیت کرنے کی تجویز دے دی۔ تاجروں نے شہباز شریف کو بھارت سمیت دیگر پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کی بھی تجویز دی۔عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا میں چاہتا ہوں آپ مزید ہاتھ ملائیں۔

ایک ہاتھ پڑوسی ملک بھارت سمیت دیگر ممالک سے ملائیں اور ایک ہاتھ اڈیالہ جیل کے باسیوں سے ملائیں، آپ نے سٹاک مارکیٹ کو اوپر پہنچایا مگر بجلی کی قیمت بھی کم کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں بزنس کمیونٹی کی ضرورت ہے آپ لوگ آ گے آئیں، تہیہ کرلیں کہ پانچ برس میں ایکسپورٹ کو دگنا کرنا ہے، پاکستانی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا اسے آگے لانا ہے، سمگلنگ کے خاتمے پر زور دے رہے ہیں اس کی وجہ سے ریونیو کم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے یقین دلاتا ہوں نجکاری شفاف ہوگی، وزیر اعظم شہباز شریف نے تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں پالیسی بنانا ہے انڈسٹری چلانا تاجروں کا کام ہے۔

جس کے لیے تاجروں کے جائز مطالبات پورے کریں گے، تاجروں کی توجہ ایکسپورٹ بڑھانے پر ہونی چاہیے تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تاجروں کے مشورے سے اچھی پالیسیاں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کس صوبے میں کسی کی حکومت ہے ہمیں ذاتی پسند سے بالاتر ہوکر اکٹھا ہوکر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا، ہم کسی پر الزام تراشی نہیں کرسکتے ہمیں اپنی گریبان میں جھانکنا ہوگا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *