الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے نئے انٹراپارٹی الیکشن پر بھی اعتراض عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے نئے انٹرپارٹی انتخابات پر اعتراض عائد کرتے ہوئے 30اپریل کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے تیسری بار پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض عائد کیا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پولیٹیکل فنانس ونگ نے اپنے نوٹس میں پی ٹی آئی کو 30 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔پی ٹی آئی نے 4 مارچ کو الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات جمع کرائی تھیں۔ 29فروری کو ہونیوالے تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن میں بیرسٹر گوہر علی خان انٹرا پارٹی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے بلامقابلہ چئیرمین جبکہ عمر ایوب بھی بلامقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن دو مرتبہ پہلے بھی تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کیا جس کی وجہ سے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو بلے کے نشان سے بھی محروم ہونا پڑا تھا اور پی ٹی آئی امیدواروں کو آزاد حیثیت میں عام انتخابات میں حصہ لینا پڑا تھا۔
دوسری جانب عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کسی ڈیل کیلئے تیار نہیں۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سائفر کیس میں سزا برقرار نہیں رہ سکتی اس لیے بانی پی ٹی آئی کو جلد القادر کیس میں سزا دلوائی جائے گی، انہوں نے کہا عمران خان کسی ڈیل کیلئے تیار نہیں ہیں، وہ آئین کی بالادستی کیلئے کھڑے ہیں۔