معروف تجزیہ کار محمل سرفراز نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دوسری ایکسٹینشن چاہتے تھے اور اس کیلئے دھمکی بھی دی تھی ۔
محمل سرفراز نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ جنرل باجوہ دوسری ایکسٹینشن چاہتے تھے ،جو شخص دوسری ایکسٹینشن چاہتا ہو ،کیا پہلی ایکسٹینشن اس کا پلان نہیں ہوگا، جنرل فیض حمید خود ایک میٹنگ میں ایکسٹینشن کی سمری لائے تھے، جنرل باجوہ نے حکومت سے دوسری ایکسٹینشن مانگی یہاں تک کہ مارشل لاء کی دھمکی دی۔ محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ حکومت کا پی ٹی آئی کے سابق وزراء کے نام ای سی ایل سے نکالنا اچھا قدم ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کےپروگرام میں سلیم صافی نے کہا کہ جنرل باجوہ نے عمران خان کی حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں کی تھی، فوج نے صرف سپورٹ واپس لی اور عمران خان کی حکومت گرگئی، نواز شریف کے لندن جانے میں آئی ایس آئی کا بنیادی کردار تھا، جنرل باجوہ کی ایکسٹینشن نہ مانگنے کی بات پر بھی یقین نہیں کیا جاسکتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں سلیم صافی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی وزراء کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی وجہ سمجھ نہیں آرہی، اگر پی ٹی آئی رہنما مفرور ہیں تو ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا کیا فائدہ ہوگا۔ عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے عمران خان نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے کی پیشکش کی مگر انہوں نے انکار کردیاتھا۔