ایرانی صدر کا 3روزہ دورہ پاکستان مکمل، وطن واپس روانہ

ایرانی صدر کا 3روزہ دورہ پاکستان مکمل، وطن واپس روانہ

ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اپنا تین روزہ سرکاری دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعدوطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی ایئرپورٹ سے ایران روانہ ہوئے۔

شہر قائد کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور دیگر اعلیٰ حکام نے ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو الوداع کیا۔ قبل ازیں 22 اپریل کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اسلام آباد پہنچے تھے اسلام آباد میں ایک دن قیام کے بعد وہ لاہور کا دورہ کرنے کے بعد کراچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی صدر کا کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا تھا۔

ایرانی صدر کے استقبال کے موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے، ابراہیم رئیسی ایئر پورٹ سے گورنر ہاؤس پہنچے۔ گورنر ہاؤس میں گورنر کامران خان ٹیسوری اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات ہوئی اس دوران دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلہ بڑھانے پر اتفاق کیا، کامران خان ٹیسوری نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، ابراہیم رئیسی نے سندھ میں بہترین مہمان نوازی پر گورنر سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں ان کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، جام خان شورو نے استقبال کیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *