سائفر کیس میں عمران خان کی سزا برقرار نہیں رہ سکتی اس لیے انہیں جلد القادر کیس میں سزا دلوائی جائیگی، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا دعویٰ۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سائفر کیس میں سزا برقرار نہیں رہ سکتی اس لیے بانی پی ٹی آئی کو جلد القادر کیس میں سزا دلوائی جائے گی، انہوں نے کہا عمران خان کسی ڈیل کیلئے تیار نہیں ہیں، وہ آئین کی بالادستی کیلئے کھڑے ہیں۔
اس سے قبل علیمہ خان ہلڑ بازی اور راستے بند کرنے سے متعلق کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نادیہ اکرام ملک کی عدالت میں پیش ہوئیں جہاں عدالت نے علیمہ خان کی ضمانت قبل از گرفتاری 23 اپریل تک منظور کی تھی۔علیمہ خان کے وکلاء کی جانب سے درخوست ضمانت پر دلائل مکمل دلائل مکمل ہونے پرسیشن عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ علیمہ خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف 4 اپریل کو تھانہ سٹی پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا، مقدمے میں علیمہ خان، سیمابیہ طاہر،سیمی ایزدی، شہریار ریاض اجمل صابر، خرم نواز سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنماوں پر ہلڑ بازی کرنے اور راستے بند کرنے کا الزام ہے۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کا الیکشن پہلے سے پلان تھا اور ضمنی انتخابات میں پہلے ہی ڈبے بھرے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت، قانون کی بالادستی اور فری اینڈ فیئر الیکشن پر کھڑی ہوتی ہے مگر یہاں جنگل کا قانون ہے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں پولیس نے مداخلت کی پنجاب کا ضمنی الیکشن پولیس نے لڑا ہے خیبر پختونخوا میں بھی الیکشن ہوئے پولیس نے کہیں کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی اور نہ ہی دھاندلی ہوئی۔