ہمارے کسی سے کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہورہے، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے واضح کر دیا۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کسی سے کوئی خفیہ مذاکرات نہیں ہورہے۔بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ تو ہوئے ہیں لیکن رپورٹس ابھی نہیں آئیں۔ ان کی اینڈوسکوپی کا رزلٹ بھی ابھی نہیں آیا۔چئیرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنے حقوق کیلئے آواز اُٹھائیں۔عوام کے ووٹ کی قدر ہونی چاہئے۔ جو انتخابی نتائج دیکھے وہ پہلے سے طے شدہ تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اگر مذاکرات کا کوئی پیغام آیا تو سب کو آگاہ کریں گے، ہم مفاہمت سے انکار نہیں کررہے، اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں، الیکشن کے نام پر جو ڈرامہ رچایاگیا اس کی مذمت کرتے ہیں سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین عمران خان نے ضمنی الیکشن کے نتائج پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب 190 ملین پاؤنڈزکے القادر ٹرسٹ کیس میں وکلاء صفائی نے جرح مکمل کر لی جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان اوران کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف مزید 6 گواہوں نے بیان قلمبند کر لیے گئے ہیں۔اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس کی سماعت ہوئی سماعت کے موقع پر تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے. عمران خان اور بشر ی بی بی کی جانب سے ان کے وکلا ظہیر عباس چوہدری، عثمان گل، خالد یوسف چوہدری جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، پراسیکیوٹر امجد پرویز ٹیم کے ساتھ پیش ہوئے۔ اس موقع پر وکلا نے مزید دو گواہوں پر جرح مکمل کر لی بعد ازاں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی ۔