پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ 25 اپریل کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا تھا، پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔
سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد ، اعظم خان ، فخر زمان ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، محمد عامر ، محمد عرفان خان ، نسیم شاہ ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، اسامہ میر ، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل ، ٹم سیفرٹ ، فن ایلن ، مارک چیپمین ، جوش کلارکسن ، ڈین فوکس کرافٹ ، کول میک کونچی ، جیمز نیشم ، جیکب ڈفی ، بین لسٹر ، ولیم او روک ، بین سیئرز ، ایش سودھی ، ایڈم ملن ، زیکری فوکس اور ٹم روبنسن شامل ہیں۔ پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پلڑا بھاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 41 میچ کھیل چکی ہیں، 22 میں پاکستان فاتح رہا جبکہ 18 میچ نیوزی لینڈ نے جیتے، 2 میچ بے نتیجہ رہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 25 اپریل جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27 اپریل کو کھیلا جائے گا ، سیریز کے پہلے تین میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ آخری دو میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔