پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہرام ترکئی نے مبارک زیب کی جیت اور پی ٹی آئی امیدوار کی ہار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جیتنے اور ہارنے والے دونوں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں ۔
شہرام ترکئی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ حلقہ این 8میں پاکستان تحریک انصاف سے ٹکٹ کی تقسیم پر غلطی ہوئی ہے ہمیں چاہیے تھا کہ صوبائی اور نیشنل اسمبلی پر دونوں کو ٹکٹ جاری کیے جاتے ۔ہمیں چاہیے تھا کہ دونوں کو ایک جگہ بٹھا کر ایک بہتر فیصلہ کر لیتےاس کیلئے ہم نے کوشش بھی کی تھی ، جیتنے والے مبارک زیب بھی پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا کسی بھی طرح سے الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوئی جو کہ فیئر رئیلیٹی ہے ، جب باقی صوبوں میں جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں حلقہ این اے 8 باجوڑ میں آزاد امیدوا ر مبارک زیب کامیاب ہو ئے ہیں۔آزاد امیدوار مبارک زیب نے سنی اتحاد کونسل کو اپ سیٹ شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔مبارک زیب 74 ہزار 8 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار گل ظفر خان 47 ہزار 282 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ضمنی انتخاب میں مبارک زیب نے ایک سابق گورنر اور پانچ سابق ایم این ایز کو شکست دی ۔ان میں سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر، جماعت اسلامی کے صاحب زادہ عبدالرشید جبکہ ن لیگ کے شہاب الدین اور پیپلزپارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی اخونزادہ چٹان شامل ہیں۔
جبکہ مبارک زیب کے مدمقابل سابق گورنر خیبرپختونخوااور رکن قومی اسمبلی انجینئر شوکت اللہ خان بھی الیکشن میں شکست سے دو چا ر ہوئے خیال رہے کہ تحریک انصاف نے باجوڑ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پارٹی کے مقتول کارکن ریحان زیب کے بھائی مبارک زیب کے خلاف گل ظفر خان کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔ یاد رہے کہ رواں برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات سے کچھ روز قبل حلقہ این اے باجوڑ 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔