میں ہر صوبے میں جاؤں گا دیکھتا ہوں مجھے کون روکتا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

میں ہر صوبے میں جاؤں گا دیکھتا ہوں مجھے کون روکتا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

8 فروری کو بدترین دھاندلی کی تاریخ رقم کی گئی اور کل ضمنی انتخابات میں اس تاریخ کو دہرایا گیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی نیوز کانفرنس۔

پشاور میںنیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں ہمیشہ ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آئوٹ جنرل الیکشن سے کم ہوتا ہے لیکن پنجاب میں ایسے حلقے بھی تھے جہاں کل کے ضمنی الیکشن میں جنرل الیکشن سے بھی زیادہ ووٹ پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اصلاح کرنے کے بجائے جعلی مینڈیٹ والی حکومت نظام کو مزید خراب کرنا چاہتی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی الیکشن ہوا ہم نے کسی امیدوار پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا، خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہے ہم نے کوئی دونمبری نہیں کی۔ان کا کہنا تھاکہ ہم نے خیبرپختونخوا میں شفاف الیکشن کروایا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پھر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک لیٹر وفاق کی طرف سے بجلی چوری سے متعلق آیا ہے، ہم اس لیٹر پر خوش آمدید کہتے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، وفاقی حکومت اگر بجلی چوری سے متعلق بات کرنا چاہتی ہے تو شہریوں پر ناجائز مقدمات درج نہ کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بیٹھ کر بات کرے لیکن بدمعاشی نہیں چلے گی، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو بجلی چور نہ کہا جائے، وفاق کے واپڈا کے افسران بجلی چوری کرواتے ہیں، کسی شہری کو چور کہا گیا تو برداشت نہیں کروں گا۔علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کے1510 ارب روپے دینے ہیں، ہم اس سے کٹوتی کروا کرعوام کو ریلیف دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہا ر کیا اور کہا کہ ، ٹیسٹ رپورٹ میں زخم موجود ہے، پرامن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے۔وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ہر صوبے میں جاکر پرامن احتجاج کروں گا، ہمارا لیڈر جعلی مقدمات میں جیل میں قید ہے، ہماری برداشت ختم ہو رہی ہے، ہمیں باربار نہ چھیڑیں، پی ڈی ایم ون کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے، فارم 47 والےمینڈیٹ چوروں نے ملک کا برا حال کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہماری مخصوص نشستیں کسی اور پارٹی کو دیدیں، چیف الیکشن کمشنر ہماری سیٹیں واپس کریں، چیف الیکشن کمشنر ایکسپوز نہیں ننگے ہوچکے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آئین وقانون کے مطابق چلیں، میں ہر صوبے میں جاؤں گا دیکھتا ہوں مجھے کون روکتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *