وزیراعظم شہباز شریف کا ’’ارتھ ڈے ‘‘ پر اہم پیغام جاری

وزیراعظم شہباز شریف کا ’’ارتھ ڈے ‘‘ پر اہم پیغام جاری

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ’’ ارتھ ڈے ‘‘ہمیں اپنے سیارے کی حفاظت کے لئے مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ملکر’’ارتھ ڈے ‘‘منا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ دن ہمیں موجودہ اور آنے والی نسلوں کےلئے اپنے سیارے کی حفاظت کے لیے ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیے ہم اپنی کوششوں میں ماحولیاتی طور پر زیادہ باخبر رہنے کی کوشش کریں اور اپنی روزمرہ زندگی میں ماحولیاتی بہتری کےلئے اقدامات اور کاربن اور ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کا عزم کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پلاسٹک کا بے دریغ استعمال انسانی صحت کے لئے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے، پاکستان قدرتی وسائل کی حفاظت اور موسمیاتی تبدیلی کے عوامل کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار صاف اور سرسبز مستقبل کے لئے اپنی کوششیں اور اقدامات جاری رکھے گا۔ عالمی یوم ارض کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم ارض منایا جارہا ہے، اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ہم سب کو کرہ ارض کی حفاظت کی ذمہ داری کی یاد دہانی کروانا اور آئندہ نسلوں کیلئے اس سیارے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 کا یومِ ارض Planet vs Plastics کے عنوان سے منایا جارہا ہے جس کا مقصد 2040 تک پلاسٹک کے استعمال میں 60 فیصد تک کمی لانا ہے، آیئے آج کے دن ہم پلاسٹک کے ذمہ دارانہ استعمال کا عزم کریں، پلاسٹک کا بے دریغ استعمال نہ صرف ہماری ندیوں، دریاؤں اور سمندروں کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ یہ ہماری خوارک میں شامل ہوکر براہ راست انسانی صحت کیلئے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے ذیادہ اثر انداز ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی کے ہماری ملکی ترقی اور خوشحالی پر مضر اثرات اور عام آدمی کی معاشی سلامتی کیلئے خطرات کے حوالے سے آگاہی کا فقدان ہے، ہر گزرتے برس موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے، بدلتے موسم، بڑھتا ہوا درجہ حرارت، بے وقت مون سون، تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور ان سب کے نتیجے میں قدرتی آفات کے ساتھ ساتھ سطح سمندر کی بلندی، سمندری درجہ حرارت میں اضافہ اور قدرتی ماحولیاتی نظام کا خاتمہ موسمیاتی تبدیلی کی واضح نشانیاں ہیں، ان سب عناصر کے نتیجے میں پاکستان کو شدید خطرات بالخصوص اقتصادی خطرات لاحق ہیں، اسی کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ہم ان خطرات پر قابو پانے کیلئے فیصلہ کن اور پائیدار اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومتِ پاکستان پلاسٹک کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے متعلقہ وزارتوں، صوبائی ماحولیاتی اداروں، اسلام آباد انتظامیہ، صنعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت اور تعاون سے انسداد سنگل یوز پلاسٹک ریگولیشنز 2023 بنائے اور تمام وفاقی وزارتوں میں پولی ایتھائیلین ٹیریفتھیلیٹ (PET) بوتلوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی، مذکورہ اقدامات حکومت کے سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے، پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے اور پلاسٹک کے دوبارہ استعمال کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

وزیراعطم نے کہا کہ میری اپنے تمام پاکستانیوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس اہم مشن میں حکومت کا ساتھ دیں، آئیں ہم سب مل کر سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے، ماحول دوست متبادل کے استعمال، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے معاشرے میں مربوط پالیسیوں کے اطلاق میں اپنا کردار ادا کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *