ضمنی انتخابات، شہباز شریف کی کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

ضمنی انتخابات، شہباز شریف کی کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری طریقہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔ اپنے مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میںمسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے پر عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کیساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے، معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں، خبر رساں اداروں اور سروے میں معاشی بہتری کی پیشگوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے، 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بد دل اورمایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کیلئے حکومتی خدمات کا عوامی اعتراف ہے۔ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، پوری دیانت داری اور محنت سے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونےو الے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی دو نشستوں سمیت پنجاب اسمبلی کی 12 میں سے 7 سیٹیں حاصل کرچکی ہے جبکہ اتحادی جماعتیں ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی بھی ایک ایک صوبائی نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *