قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں بڑا دھچکا لگ گیا ، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار وکٹ کیپر بلے باز راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹو ئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں ہمسٹرنگ انجری کا شکارہوکر سیریز سے بار ہوگئے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی جس میں محمد رضوان 23 کے انفرادی سکور پر تھے جب وہ ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوکر کھیل جاری نہ رکھ سکے اور میدان سے باہر چلے گئے۔ ٹیم کے ڈاکٹر نے طبی معائنے کے بعد محمد رضوان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اور احتیاطاً میڈیکل ٹیم نے انہیں کھیلنے سے فی الحال روک دیا ہے، چنانچہ اب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے لاہور میں ہونے والے باقی میچوں کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے باقی میچوں کے لیے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی عدم دستیابی کی بھی تصدیق کردی ہے۔ یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز محمد رضوان اپنی ٹیم کو کئی میچز میں کامیابیاں دلا چکے ہیں ، ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کے لئے وکٹ کیپنگ کے فرائض کون سرانجام دے گا؟ ان کی جگہ کون ٹیم کے لئے وکٹ کیپنگ کرے گاا بھی تک واضح نہیں ہو سکا ۔ یاد رہے کہ بھاری وزن کے رکھے والے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان پہلے ہی ان فٹ ہو کر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں ۔