آج اہم غیرملکی وفود و شخصیات کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آمدورفت کے باعث وفاقی پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
وفاقی پولیس کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے پر شہریوں کو متبادل راستے مہیا کئے جائیں گے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ متبادل راستے اختیار کریں۔ شہری ڈیوٹی پر مامور اسلام آباد پولیس کے اہلکار کے ساتھ تعاون کریں۔ شہری دفاتر اور سکولوں میں پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھ کرنکلیں۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی کے متعلق پکار 15 پر اطلاع دیں۔ یاد رہے کہ آج ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف ، صدر مملکت آصف علی زردار ی اور اہم سیاسی شخصیات کے ساتھ ملا قاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، کل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی لاہور کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔
اور وہاں پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کریں گے گورنر پنجاب بلیغ کی جانب سے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا، اس کے بعد وہ کراچی کے لئے روانہ ہو جائیں گے اور کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ سے ملاقات بھی کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، رابطے، توانائی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے لئے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی جب کہ ریڈ زون کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا۔ ریڈ زون کی گرین بیلٹ کو ایرانی پرچم کے رنگوں سے سجا دیا گیا ، گرین بیلٹ کو سرخ، سبز اور سفید رنگ کی لائٹوں سے روشن کر دیا گیا، اسلام آباد کی گرین بیلٹ لائٹوں سے انتہائی پرکشش اور دلکش نظر آنے لگی، پارلیمنٹ کے سامنے ایرانی صدر کے اعزاز میں استقبالیے کے بینرز بھی لگا دیئے گئے۔