ضمنی انتخابات کے سلسلے میں حلقہ پی پی 32میں ہونیولے الیکشن میں غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ق کے اُمیدوار موسیٰ الٰہی نے میدان مار لیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کو ضمنی الیکشن میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔گجرات کے صوبائی حلقہ پی پی 32 سے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ نے میدان مار لیا۔اتوار کے روز پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی سے تھا۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 32 سے موسیٰ الہیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو شکست دے کر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔موسی الہیٰ نے 63 ہزار 536 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پرویزالہیٰ 18 ہزار 237 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الہٰی نے الزام لگایا ہے کہ بیلٹ باکس میں ووٹ پہلے سے ہی بھرے جاچکے ہیں۔ثمیرہ الہٰی نے پی پی 32 گجرات کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا اور کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر تالا لگا کر باہر پولیس بیٹھی ہے،بیلٹ باکس میں ووٹ پہلے سے ہی بھرے جا چکے ہیں، پولنگ کا عملہ مجبور اور بالکل بے بس ہے، پولنگ افسر جواب دینے سے قاصر ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسیٰ الہٰی کا عملہ کاپیاں لے جا چکا، مخالفین نے بیلٹ باکس خود بھرے ہیں۔