ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے ۔ 50 کروڑ ڈالر فراہمی کا وعدہ کر دیا ۔ مذکورہ فنڈز مختلف منصوبوں پر عمل درآمد اور رقوم کی ترسیل کے لئےفراہم کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جین لیکون سے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے ، اس ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جین لیکون کو ملک کی معاشی صورت حال اور اشاریوں میں مثبت پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ صدر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک جین لیکون نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر فراہمی کا وعدہ کیا، یہ فنڈز پاکستان کو مختلف منصوبوں پر عمل درآمد اور رقوم کی ترسیل کے لئےفراہم کئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیلاب کے بعد فنانسنگ کی فراہمی پر بھی ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر بینک نے عالمی بینک کے ساتھ مل کر رائز ٹو پروگرام کے لئے 25 کروڑ ڈالر دیئے، پاکستان آئی ایم ایف سے بڑے اور طویل مدتی پروگرام کا حصول چاہتا ہے، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری اور شرح تبادلہ مستحکم ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا مہنگائی میں کمی اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی ہے، انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ٹیکس، توانائی شعبے اور حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات ترجیح ہے۔