پنجاب حکومت کا ضمنی انتخابات 2024کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے 13اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر نے کا فیصلہ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے 13اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھجوا دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دن 13اضلاع و تحصیلوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کی جائیگی۔ مراسلے میں کہا گیا کہ 13اضلاع لاہور، شیخوپورہ ، قصور، تلہ گنگ ، کلر کہار ، گجرات، علی پور چٹھہ ، ظفروال، بھکر ، صادق آباد اور ڈیرہ غازی خان میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انٹرنیٹ سروس معطل رکھی جائے۔ جبکہ مراسلے کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، چیئرمین پی ٹی اے کو بھی ارسال کی گئی ہے جبکہ سی سی پی او لاہور متعلقہ کمشنر اور دیگر افسران کو بھی خط بھجوا دیا گیا۔
ملک بھر میں قومی و صوبائی نشستوں پر انتخابات
ملک میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16خالی نشستوں پرضمنی انتخابات21 اپریل کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ ضمنی انتخابات کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے لیے 62 لاکھ 30 ہزار سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے 174 امیدوارجبکہ خیبر پختوںخواہ سے مجموعی طور پر 49 امیدوارالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پنجاب میں 21لاکھ 77ہزار 187مرد اور 18لاکھ 67ہزار 365 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔خیبر پختونخواہ سے ضمنی انتخابات میں 14لاکھ 71 ہزار سے ووٹرز اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے 663مردانہ 649زنانہ اور 1289مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے۔ خیبر پختونخواہ سے مجموعی طور پر 892 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 196 کے ضمنی انتخاب کیلئے 4 لاکھ 23 ہزار 981 ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ این اے 196 میں 5 امیدوار مد مقابل ہیں۔ سندھ کے قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے 933 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ بلوچستان کے حلقوں میں انتخابات کیلئے 125 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 63 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنرز دفاتر میں کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنر پر سی سی ٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل آج مکمل کر دیا گیا۔