شارٹ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کو ہرانے کے لیے اس کے ٹکر کا نیا پلیٹ فارم متعارف کرادیا ہے۔ اس ایپ میں انسٹاگرام ہی کی طرح کا یوزر انٹرفیس موجود ہے۔
تاہم اسٹائل اور فارمیٹ کچھ حد تک مختلف ضرور ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ تحریر اور تصویری مواد کے لیے مختص ٹک ٹاک نوٹس میں ابتدائی تجربات کئے جا رہے ہیں۔ صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ صارفین اب اپنے جذبات، لمحات اور یادگار تصاویر اس ایپ کے ذریعے شئیر کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایپ کو انہی افراد کے لیے ڈیزائن کیا جا رہا ہے جنہیں تصویری مواد پسند ہو۔ ٹک ٹاک ہی کی طرح یہ ایپ بھی 2 فیڈز پر مشتمل ہوگی، جس میں ایک طرف فور یو اور دوسری طرف فالوونگ شامل ہوگا، جبکہ مواد کی کوالٹی انسٹاگرام کی ہی طرح کی ہو سکتی ہے۔ ابتدائی طور پر اسے محض دو ممالک میں پیش کیا گیا ہے۔
ٹک ٹاک نوٹس کو آسٹریلیا اور کینیڈا میں پیش کیا گیا ہے اور مذکورہ ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے الگ ہے، اسے الگ ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گا، تاہم ممکنہ طور پر آگے چل کر دونوں پر کراس شیئرنگ کا فیچر پیش کیا جائے گا۔ ٹک ٹاک نوٹس سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کی طرح ہوگی اور وہاں صارفین اپنی ویڈیوز کے علاوہ تصاویر کو طویل کیپشنز اور طویل پوسٹس کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔ اگرچہ کچھ عرصہ قبل ہی ٹک ٹاک نے ٹک ٹاک پر بھی تصاویر شیئر کرنے کا فیچر پیش کیا تھا، تاہم اب کمپنی نے ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرادیا ہے۔ یہ پہلے ہی اطلاعات تھیں کہ ٹک ٹاک جلد ہی انسٹاگرام کے ٹکر کی ایپلی کیشن متعارف کرائے گا اور اب کمپنی نے تصدیق کردی کہ ٹک ٹاک نوٹس کو آزمائشی بنیادوں پر آسٹریلیا اور کینیڈا میں پیش کردیا گیا ہے۔ مذکورہ ایپلی کیشن کی آسٹریلیا اور کینیڈا میں کامیاب آزمائش کے بعد اسے دیگر ممالک میں پیش کئے جانے کا امکان ہے، تاہم اسے مکمل طور پر 6 ماہ بعد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔