صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے چیف آف سٹاف جنرل متین گوراک کو نشان امتیاز (ملٹری) نواز دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عوامی رابطوں کو مزید فروغ دینے کے لیے روڈ اور ریل ٹرانسپورٹ کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آمد و رفت کا سستا ذریعہ ہے جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھیں گے بلکہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں بھی اضافہ ہوگا۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چیف آف ترک جنرل سٹاف جنرل متین گوراک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صدر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے دو برادر ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے دو طرفہ ثقافتی تبادلوں بالخصوص ادب اور شاعری کے شعبوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ترکیہ پاکستان کا مخلص دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جنہیں دونوں فریقوں کے باہمی مفاد کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاک ترک تعلقات اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی وجہ سے مزید بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
قبل ازیں ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے لئے شاندار خدمات کے اعتراف میں ترکیہ کے چیف آف سٹاف جنرل متین گوراک کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا۔