وزیرداخلہ محسن نقوی کا کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

وزیرداخلہ محسن نقوی کا کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

ڈاکو راج کیخلاف وزیر داخلہ محسن نقوی کا بڑا فیصلہ، کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کیا جائیگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا ہیڈکوارٹر میں نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، سربراہ نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد کے آئی جیز اور سیکریٹریز داخلہ نے شرکت کی۔اجلاس میں نیشنل کوآرڈینٹر نیکٹا، نیشنل ایکشن پلان اور انٹیلی جنس اداروں کی تمام ٹیم اور چیف کمشنرز بھی شریک تھے۔اجلاس میں پاکستان بھر میں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی دینے کے بارے بریفنگ دی گئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کچے کے علاقے سے شرپسند عناصر کا مشترکہ آپریشن سے مستقل خاتمہ کیا جائے گاجبکہ مشترکہ آپریشن کیلئے ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ہمیں اپنے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہوگا اور وفاق اس ضمن میں صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔اجلاس میں پورے پاکستان کی پولیس کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کیلئے تفصیلی مشاورت و غور کیا گیا جبکہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے بارے میں کئے گئے اقدامات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ تمام آئی جیز نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور حفاظت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پولیس سمیت تمام سیکیورٹی ادارے چینی شہریوں کی حفاظت کے ایس او پیز پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، غیرملکی شہریوں کی حفاظت کے ایس او پیز پر عمل درآمد میں غفلت پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بہادری کا مظاہرہ  کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔ وزیر داخلہ نے غیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو شاباش اور زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔  وزیر داخلہ کی زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا، پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہیں۔ ملک کے امن اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *