سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی 9 مئی واقعات پر درج 12مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے9 مئی واقعات پر درج 12 مقدمات میں فواد چوہدری کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عدالت نے سانحہ9مئی کے12 مقدمات میں سابق وفاقی وزیراطلاعات کی عبوری ضمانت منظورکرلی۔فوادچوہدری کی ضمانت ذاتی مچلکوں کےعوض 30اپریل تک منظورکی گئی ہے۔ضمانت ملنے کے بعد فواد چودھری عدالت سے واپس روانہ ہوگئے۔
فواد چوہدری پر پنجاب میں 40 مقدمات درج
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر درج مقدمات کی تفصیلات سامنے آ گئیں، عدالت میں جمع پولیس رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری پر پنجاب میں مجموعی طور پر 40 مقدمات درج ہیں۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں فواد چوہدری پر 15 مقدمات درج ہیں جبکہ ملتان میں 5، روالپنڈی میں 11، اٹک میں 2، جہلم میں 2 اور فیصل آباد میں 5 مقدمات درج ہیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق فواد چوہدری کو اٹک میں درج مقدمے میں بے گناہ قرار دیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف فیصل آباد اور جہلم میں بھی ایک ایک مقدمہ خارج کردیا گیا ہے۔