پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نو منتخب ارکان سے حلف لینے کا حکم جاری کردیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان سے حلف نہ لینے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا اور صوبائی کابینہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے لئے اقدامات اٹھانےکا حکم دیا گیا۔
نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کا حکم :
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 105 کے تحت 14 دن کے اندرکے پی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائےاور کے پی میں سینٹ انتخابات سے قبل ان نو منتخب ممبران سے حلف لیا جائے۔ جاری فیصلے کے مطابق اسپیکر کے پی اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ نو منتخب مخصوص نشست ممبران سے حلف لیں، مخصوص نشستوں پر نو منتخب ممبران کو حلف سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت میں منتخب ارکان کی درخواست :
رواں ماہ کے شروع میں کے پی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہ لینے کے معاملے پر منتخب ارکان نے پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی ۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیاتھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ارکان سے حلف نہیں لیا گیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔درخواست گزاروں نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا جائے۔ رٹ درخواستیں پختونخوا اسمبلی میں نو منتخب پی پی پی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کی جانب سے دائر کی گئی تھی ۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 28مارچ کو پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کی گئی تھی ۔
بلوچستان :نومنتخب 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا
دوسری جانب صوبہ بلوچستان کی نومنتخب 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔گورنر ہائوس میں منعقد ہونیوالی حلف برداری کی تقریب میں گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے وزراء سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی و ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی ۔ حلف اٹھانے والوں میں مسلم لیگ ن کے سردار عبدالرحمان کھیتران، نور محمد دمڑ، عاصم کرد گیلو، شعیب نوشیروانی، راحیلہ حمید درانی اور سلیم کھوسہ شامل ہیں۔جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے صادق عمرانی، ظہور بلیدی، علی مدد جتک، بخت کاکڑ، سردار سرفراز ڈومکی، فیصل جمالی نے بھی حلف اٹھا یا ۔اس کے علاوہ صوبائی کابینہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے میر ضیاء اللہ لانگو اور نوابزدہ طارق مگسی نے بھی حلف اٹھا لیا ہے۔