وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں غیرملکیوں کی گاڑی پر فائرنگ اور خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ پولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے ۔ وزیراعظم نےدھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر مذموم کارروائی کو ناکام بنائیں گے۔
صدر مملکت کی لانڈھی میں خود کُش دھماکے اور فائرنگ کی مذمت:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خود کُش دھماکے اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچالیا۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی اور شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔