غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر حملہ، دو دہشتگرد ہلاک

غیر ملکی شہریوں کی گاڑی پر حملہ، دو دہشتگرد ہلاک
کراچی کے علاقے لانڈھی میں دہشت گردوں کے حملے میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئےتاہم حملے میں پانچ جاپانی شہری محفوظ رہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی لے جانیوالی گاڑی پر دہشتگردوں نے فائرنگ اور دھماکہ کیا تاہم پولیس کی کارروائی کے باعث تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک دہشت گرد مقابلے میں مارا گیا جبکہ دوسرے نے خود کو بم دھماکے سے اڑا لیا تھا، ہلاک دہشگردوں سے ایک بیگ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے دوران 2 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوا۔ واقعہ کے بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیاہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی لانڈھی میں حملے کی مذمت:

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔  وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ پولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے ۔ وزیراعظم نےدھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر مذموم کارروائی کو ناکام بنائیں گے۔

 صدر مملکت کی لانڈھی میں خود کُش دھماکے اور فائرنگ کی مذمت:

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خود کُش دھماکے اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچالیا۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی اور شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔

بشام واقعہ:

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مارچ کے آخری ہفتے میں خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی تھی جس کے باعث5 چینی شہریوں سمیت 6 افرا د ہلاک ہوگئے تھے۔ گاڑی اسلام آباد سےکوہستان جارہی تھی۔ چینی انجنیئرز اسلام آباد سے داسوکیمپ میں جا رہے تھے۔خودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے تھے ، خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *