وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سکیورٹی کے لئے گاڑیاں کرتارپور جارہی تھیں اس دوران مبینہ طور پر ایلیٹ فورس کی گاڑی اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں نوجوان ابوبکر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
نوجوان کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نارووال کا کہنا ہے کہ نوجوان گزشتہ صبح نارووال کے علاقے چندووال میں سکیورٹی سکواڈ کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا موٹر سائیکل سوار نوجوان کی موت موٹر سائیکل سے ٹکر کے باعث ہوئی جب کہ دوسرے موٹر سائیکل سوار کی تلاش جاری ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کے لواحقین کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر رہے ہیں اور تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روزکرتار پورکا دورہ کرنا تھا اور بیساکھی میلے کی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ کرتاپور سے قبل ریجنل پولیس آفیسرطیب حفیظ اور کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدرشیرازی نے گوردوارہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔
گوردوارہ کے منتظمین اور سکھ یاتریوں سے ملاقات بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھ برادری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ منتظمین گوردوارہ نے پولیس کی جانب سے سکیورٹی انتظاما ت پر اطمینان کااظہار کیا اور کہا کہ مقامی پولیس و انتظامی مکمل الرٹ ہو کر ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے ۔ریجنل چیف پولیس آفیسر نے گوردوارہ کے داخلی و خارجی راستوں کا مکمل معائنہ کیا او ر ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو مکمل بریفنگ دی اور مشکوک افراد پر کڑی نظررکھنے کی ہدایات جاری کیں۔