پہلا ون ڈے ،ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دیدی

پہلا ون ڈے ،ویسٹ انڈیز  نے پاکستان کو شکست دیدی

 پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیم نے کپتان ہیلی میتھیوز کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو113ر نز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

گزشتہ روز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر269 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز ویمنز کے لیے ہیلی میتھیوز اور شیمین کیمبل نے دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی شراکت قائم کی، شیمین کیمبل نے چار چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ ہیلی میتھیوز نے 150گیندوں پر140 رنز کی کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں پانچویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری کے ساتھ ساتھ اب تک کا کیریئر کا سب سے بہترین اسکور بھی ہے۔

پاکستان کی اسپنر سعدیہ اقبال نے 38 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیگ اسپنر طوبیٰ حسن نے بھی دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ طو بیٰ حسن 25 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہیں جبکہ منیبہ علی نے 22 اور نجیہہ علوی نے 20 رنز بنائے۔ ہیلی میتھیوز نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نے میچ میں 113 رنز سے کامیابی سمیٹ کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ ہیلی میتھیوز کو ان کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان پلئینگ الیون میں ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، ناجیہ علوی،، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز، طوبہ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر ۔

ویسٹ انڈیز پلئینگ الیون میں ہیلی میتھیوز (کپتان)، شیمین کیمبل (نائب کپتان)، عالیہ ایلینے، ایفی فلیچر، چیڈین نیشن، چیری این فریزر، چنیل ہنری، جینیلیا گلاسگو، کرشمہ رامہرک، کیٹ ولموٹ، کیانا جوزف، رشادہ ولیمز، ، سٹیفنی ٹیلر اور زیدہ جیمز۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *