سینیٹر شبلی فراز کو سنی اتحاد کونسل نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹر شبلی فراز کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے کہا کہ ہم سب نے بانی پی ٹی آئی سے سیاسی مشاورت کی ہےاوربانی پی ٹی آئی نے جلسوں اور تحریک کے حوالے سے ہدایات دی ہیںجبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے زور دیا ہے کہ آزاد میڈیا کیلئے مضبوط پالیسی ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی کامیابی کا آخری فیز چل رہا ہے، بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہر ہوں گے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پوراورسابق سینیٹر شبلی فراز کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع کررکھی ہے۔گزشتہ روزوزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سابق سینیٹر شبلی فراز، ایس ایس پی انویسٹیگیشنز اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔جج طاہر عباس سپرا نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شبلی فراز آپ کو چاہیے تفتیش کے لیے؟ جس پر افسر نے عدالت کو بتایا کہ اب تفتیش کی ضرورت نہیں رہی۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ ایک ملزم کی چالان جمع ہونے سے پہلے بریت کی درخواست دائر ہوئی، بریت بھی ہوگئی۔جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ ایک کے لیے تفتیشی کہہ رہا ہے کہ شواہد موجود نہیں ہیں، باقی کا کیا ہوگا۔بعد ازاں، انسداد دہشت گری عدالت نے علی امین گنڈاپور و دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔