پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کی تحریک انصاف کے رہنمائوں سے اہم ملاقات، عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی بننے پر مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے آج اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیاد ت سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب کوقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکبا د بھی دی۔ انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان کے اہم مسائل کے حل کیلئے اراکین اسمبلی کو ملکر کام کرنا ہوگااورخوشحال پاکستان کے لیے معاشی اصلاحات سے کام شروع کریں۔
برطانوی ہائی کمشنر کے ٹویٹ کے ردِعمل میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ جین میریٹ اور ان کے ٹیم ممبران کے ساتھ سیشن بے حد خوشگوار تھا جس میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے مزید لکھا کہ ہم مزید تعامل جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رئوف حسن برطانوی ہائی کمشنر کی پاکستان میں سرگرمیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔انہوں نےشدید تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ’جین میریٹ اس خوفناک ماضی سے باہر نکلیں، وائسرائن کا کردار ادا کرنا چھوڑ دیں اور غالب عوامی جذبات پر کچھ غور کریں‘۔