وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کو ملک دشمن قرار دیدیا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ تحریک انصاف کی جانب سے ایسے بیانات مذموم سیاسی مقاصد، انارکی کیلئے دیے جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہ آئے۔خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے ان اقدامات کو ملک دشمنی قرار دیااور کہا کہ یہ ایک مہم کے تحت کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کیساتھ ملک دشمن جیسا سلوک ہونا چاہئے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک کیساتھ ہمارے مذہبی اور معاشی تعلقات کی بہت اہمیت ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود کے دورے نے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے ٹی وی چینل پر کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت گرانے میں سعودی عرب بھی ملوث تھا۔شیر افضل مروت کے ا س بیان پر تحریک انصاف کی جانب سے لا تعلقی کا اظہا رکیا گیاتھا۔شیر افضل مروت کے بیان کے بعد ان پر سوشل میڈیا پر بھی کڑی تنقید کی گئی تھی ۔
سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران ابتدائی طور پر سعودی وفد کو آئی ٹی، معدنیات، زراعت، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا تھاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں اور یہ کہ سرمایہ کاری کونسل پر تفصیلی بریفنگ سے انھیں اعتماد ملا اور پاکستان کی نئی اپروچ پسند آئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ سعودی عرب ریکوڈک منصوبے میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سمیت دیگر کئی شعبوں میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا اور یہ دورہ اس حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔