کویت ایئرپورٹ پر 50 پاکستانی مسافر دو روز سے پھنسے ہوئے ہیں۔
دبئی سے سعودی عرب جانے والی ان کی عمرہ پرواز کو دبئی میں شدید بارش کی وجہ سے کویت کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ایک مسافر فہیم الدین کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن نے بھارتی اور نیپالی مسافروں کو ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا جبکہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔انہوں نے غیر ملکی ایئرلائن کی جانب سے پاکستانی مسافروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پچھلے 2دن کے دوران صرف دو بار کھانا فراہم کیا گیا۔فہیم الدین نے بتایا کہ وہ فی الحال کویت میں پاکستانی قونصل خانے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پاکستانی حکومت سے فوری مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی میں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں جس کے باعث کچھ پروازوں کو کویت ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دبئی جانے والے پاکستانی مسافر ایئرپورٹ پر پھنس گئے تھے۔خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں بھی تباہ کن بارشوں نے تباہی مچا دی، نظام زندگی بُری طرح مفلوج کر دیا ہے۔اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق سوموار کی صبح سے منگل دوپہر تک مسلسل گرج چمک کیساتھ طوفانی بارشیں ہوئیں جبکہ کئی علاقوں میں کلائوڈ برسٹ بھی ہوا تھا۔مسلسل جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیںجبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور بارش کا پانی گھروں ، شاپنگ مالز، میٹروسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوچکا ہے۔
اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کر دی ہے اور کہاگیا ہے کہ صرف انتہائی ضروری کام سے ہی گھروں سے باہر نکلیں۔حکام نے یہ ہدایات بھی دیں کہ زیادہ پانی والی جگہ سے دوراور اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پارک کریں۔حکومتی اعلان کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کے لیے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
تاہم مسلسل بارشوں اور طوفانی صورتحال کے بعد متحدہ عرب امارات کی حکومت نے موسمی الرٹ کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے۔