صوبہ بلوچستان میں مسلسل بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی شاہراہیں بند ہوگئیں۔
صوبے میں بارشوں کے جاری رہنے کی وجہ سے صوبے کے بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، پانی گھروں میں داخل ہوگیاجبکہ کھڑی فصلوں اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ بارشوں سے پنجگور، نوشکی، پشین، چمن ،تربت میں بھی موسلادھار بارش جاری رہنے کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے متعدد شاہراہیں ٹریفک کیلئے بندہو گئی ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق بلوچستان کے 6 اضلاع میں بارشوں کی وجہ سے 8 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے 9 اضلاع میں سیلابی صورتحال کا الرٹ:
دوسری جانب برفبانی تودے پگھلنے لگے، خیبرپختونخوا کے 9 اضلاع میں سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے کے 9اضلاع میں گلشئیرز کے پگھلنے سےکے پیشِ نظر سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ان اضلاع میں چترال اپر، چترال لوئر، سوات، دیراپر، دیر لوئر ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر، مانسہرہ اور کُرم میں سیلابی صورتحال کا شدید خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے مذکورہ اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اپنے اپنے اضلاع میں فیلڈ سٹاف سے صورتحال کی مانیٹرنگ کروائی جائے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان کا کہنا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی کو آگاہ کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے سیلابی صورتحال سے بھاری جانی و مالی نقصانات کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ہونیوالے نقصانات:
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیز بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا میں جانی ومالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔پی ڈی ایم کی جاری رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 32 تک پہنچ گئی اور 41 زخمی ہو ئے ۔ جاں بحق افراد میں 15 بچے، 12 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیواریں اور چھتیں گرنے سے صوبے میں مجموعی طور 1370 مکانات کو نقصان پہنچا، جس میں 160گھروں کو مکمل جبکہ 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں سے خیبر، اپر اور لوئر دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں نقصانات ہوئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر 12 متاثرہ اضلاع میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔