قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم میں تمام کھلاڑی اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر آتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھی پرفارمنس پیش کر نے کی بھر پور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں، کوشش کریں گے ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سے چیزوں کو تبدیل کیا ہے ، کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔ بابراعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیےاچھی ٹیم لے کر جائیں گے، کوشش ہے ینگ کھلاڑیوں کو موقع دیں، اس سیریز میں مختلف کمبینیشن بیٹنگ اور باؤلنگ میں آزمائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز میں چیزیں کلیئر ہوجائیں گی، کوشش کرتا ہوں خوش رہنے کی لیکن انسان ہوں۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ اسٹرونگ ہونے جارہی ہے،
عثمان خان، عرفان نیازی کو کھلائیں گے ، ہماری بیٹنگ آٹھویں نویں نمبر تک جائے گی، ینگ کھلاڑی کے آنے کی ہم سینئر کو بہت خوشی ہوتی ہے۔ بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ہمیں سیریز میں مختلف پوائنٹس پر چیلنج کرے گی جو پاکستان ٹیم کے لیے اچھا ہوگا۔ میں ٹیم میں یوتھ اور تجربے کے امتزاج کو دیکھتے ہوئے کپتان کی حیثیت سے بہت ُپرجوش ہوں۔ اس موقع پرنیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل کا کہنا ہے کہ مجھے اس دورے پر ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر ہے۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی کافی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ اس فارمیٹ کے علم سے بہت اچھی طرح لیس ہیں۔ پاکستان ہوم گراؤنڈ میں مضبوط ٹیم ہے اور ہم انہیں اسی کے میدان میں چیلنج دینا چاہیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کل جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ٹاس مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے ہوگا اور پہلی گیند مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ہوگی۔