مسلم لیگ (ن)کو قومی اسمبلی کی ایک اورمخصوص نشست مل گئی، ن لیگ کی رابیعہ نسیم فاروقی کا نوٹیفکیشن جاری۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی نشستوں میں ایک اور نشست کا اضافہ ہوگیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواتین کی مخصوص نشست پر ن لیگ کی رابیعہ نسیم فاروقی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،اب ن لیگ قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ خواتین کی مخصوص نشستیں رکھنے والی پارٹی بن گئی ہے۔نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 224 اور الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت جاری کیا گیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی میں جے یو آئی (ف)کو مخصوس نشست دینے کے خلاف ن لیگ کی جانب سے پشاورہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا نےالیکشن کمیشن کی جانب سے جے یو آئی کو اقلیتی نشست دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔درخواست میں الیکشن کمیشن ، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور جے یو آئی ف کے اقلیتی رکن گورپال سنگھ کو فریق بنایا گیا ہے ۔عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 مارچ کو اقلیتی نشست پر گورپال سنگھ کے نام کا اعلامیہ جاری کیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ ن کی 7 مخصوص نشستیں بنتی تھیں۔الیکشن کمیشن نے 7 کے بجائے 6 نشستیں دیں۔ الیکشن کمیشن نے آئین ، الیکشن ایکٹ اور رولز کے خلاف درخواست گزار پارٹی کو ایک نشست کم دی۔مسلم لیگ ن کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں مخصوص نشستوں کے لیے فارمولا طے ہے۔ الیکشن کمیشن نے فارمولے کے برعکس درخواست گزار پارٹی کو ایک اقلیتی نشست سے محروم کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ۔ عدالت الیکشن کمیشن کے اعلامیے کو کالعدم قرار دے اور اس درخواست پر حتمی فیصلے تک اسپیکر اسمبلی کو گورپال سنکھ سے حلف لینے سے روکے۔