خاتون مشیر مشعال یوسفزئی کی خیبرپختونخوا حکومت سے مہنگی گاڑی کی خریداری کی فرمائش، سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد سمری مسترد۔
خیبرپختونخوا حکومت نے آتے ہی کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا تھا جس کے بعد درجنوں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا گیا لیکن اب خیبرپختونخوا حکومت کے افسران کی عیاشیاں کھل کر سامنے آرہی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اکی خاتون مشیر اور سیکرٹری سماجی بہبود اس وقت سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن رہی ہیں جنہوں نے حکومت سے مہنگی گاڑی ٹویوٹا فارچونر کی خریداری کیلئے سمری بھجوا ئی ہے۔یہ خبر آنے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مشعال یوسفزئی کی جانب سے بھجوائی گئی سمری مسترد کرنا پڑی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے مزید کہا کہ کہا کہ ایسی سمری دوبارہ بھجوائی گئی تو دوبارہ مسترد ہوگی۔
اس سے قبل ہی مشعال یوسفزئی کی بچوں میں 50روپے عیدی تقسیم کرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھامشعال یوسفزئی بچوں میں50روپے کے نوٹ تقسیم کر رہی ہیں اور کئی کیمرے ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں مصروف ہیں۔جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس عمل کو محض دکھاوا قرار دیا اور خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔