سوشل میڈیا پر بدامنی، جھوٹ اور منافرت پھیلانے والوں کی اب خیر نہیں، ہزاروں ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کو بلاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے تین ماہ کے دوران سوشل میڈیا ٹرینڈز کی رپورٹ مرتب کی ہے جس میں بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے والے 2836پیجز اور سائٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر متحرک 2نئی تنظیموں کی نشاندہی بھی کی گئی جبکہایکس( ٹویٹر)پر چلنے والے 17سیاسی ٹرینڈز کو حساس قرار دیا گیا۔ان سیاسی ٹرینڈز میں عام انتخابات اور اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملک دشمن ٹینڈنگ زیادہ تربیرون ملک بیٹھے لوگوں نے کی۔ ٹرینڈنگ میں پنجاب پولیس اور اعلیٰ شخصیات پر بے جا تنقید کی گئی ۔ فرقہ وارانہ بنیادوں پر چلنے والے 9ٹرینڈز کی نشاندہی بھی کی گئی ۔ اس کے علاوہ قوم پرستی، بلوچستان اور گوادر سے متعلق 10ٹرینڈز کو مانیٹر کیا گیا۔ ٹرینڈ کے ذریعے بدامنی پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
وزارت داخلہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایکس کی بندش سے متعلق رپورٹ جمع کروا دی
دوسری جانب وزارت داخلہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس کی بندش کیخلاف درخواست پر رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔ وزارت داخلہ نے استدعا کہ درخواست گزار کا کوئی بنیادی حق سلب نہیں ہوا، درخواست کو ابتدائی مراحل میں ہی خارج کیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق ایکس کی بندش کیخلاف درخواست قانون و حقائق کے منافی ہے، قابل سماعت ہی نہیں، ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے۔ وزارت داخلہ نے رپورٹ میں کہا کہ ایکس کی جانب سے پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی۔