پنجاب میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں چھ سو روپے کی کمی آ گئی ۔ 28سو روپے والے بیس کلو آٹے تھیلے کی قیمت 22سو روپے تک آگئی ہے۔ فائن‘ میدہ 80کلو گرام کی بوری کی قیمت کم ہو کر 10ہزار سات سو سے 11ہزار روپے ہو گئی ہے۔
خیبر پختونخوا اورحکومت پنجاب نے روٹی کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ 200گرام وزنی روٹی کی قیمت 30روپے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین کے مطابق صوبہ بھر میں جب گندم کی قیمت بڑھتی تو روٹی کی قیمت تندور مالکان فوری طور پر بڑھاتے رہے‘ اب جبکہ 20کلو آٹے تھیلے کی قیمت میں 600روپے کمی آئی ہے تو تندور مالکان کی ایسوسی ایشن کو بھی قیمتوں میں کمی کا فائدہ روٹی خریدنے والوں کو دینا چاہئے۔ پہلے پنجاب کی وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز نے 20روپے والی ایک سو گرام وزنی روٹی کی قیمت پورے صوبے میں 16روپے کی‘ اور 120گرام وزنی نان کی قیمت 20روپے کر کے غریبوں کو ریلیف دیا۔
اسکے بعد 15اپریل کو خیبر پختونخوا حکومت نے سو گرام وزنی روٹی کی قیمت 15روپے اور 200گرام وزنی روٹی کی قیمت 30روپے کر دی ہے۔ عوام کو توقع ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب آئندہ بھی مہنگائی کے بوجھ تلے برسوں سے کراہنے والے عوام کو اسی جذبے کے تحت ریلیف دیں گی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین کے مطابق ملک گیر بارشوں اور نامساعد موسمی حالات کی وجہ سے پنجاب‘ خیبر پختونخوا میں نئی فصل ربیع کی گندم کا پوری طرح آمد میں دس دن کی تاخیر ہوئی ہے۔ اسکے باوجود 20کلو آٹا تھیلے کی قیمت میں چھ سو روپے کمی آ گئی ہے۔