انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان میں مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح میں کمی کی پیش گوئی کردی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے جو گزشتہ مالی سال میں منفی 0.2 فیصد تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2 فیصد رہنے کی توقع ہے اور آئندہ مالی سال میں شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال پاکستان میں اوسطاً مہنگائی 24.8 فیصد رہنے کا امکان ہے جب کہ آئندہ مالی سال میں یہ کم ہو کر 12.7 فیصد تک آ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان میں اوسط مہنگائی 29.2 فیصد تھی۔ آئی ایم ایف نے ملک میں بے روزگاری کی شرح میں بھی کمی کی توقع ظاہر کی ہے جو گزشتہ مالی سال میں 8.5 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کا امکان ہے اور آئندہ مالی سال میں یہ کم ہو کر 7.5 فیصد ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکا ؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.1 فیصد رہنے کا امکان ہے البتہ آئندہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکا ؤنٹ خسارہ بڑھ کر جی ڈی پی کا 1.2 فیصد ہوجائے گا۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے عالمی منظرنامے کا بھی احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال عالمی سطح پر معاشی شرح نمو 3.2 فیصد رہنے کا امکان ہے اور جنوری میں کی گئی پیش گوئی کے مقابلے میں اس میں 0.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ عالمی سطح پر مہنگائی کی شرح کم ہو کر 5.9 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ 2025 تک یہ مزید کم ہو کر 4.5 فیصد کی سطح پر آنے کا امکان ہے۔