متحدہ عرب امارات میں بھی تباہ کن بارشوں نے تباہی مچا دی، نظام زندگی بُری طرح مفلوج ہوگیا۔
دبئی میں طوفانی بارشیں ہورہی ہیں اور دن میں اندھیرا چھا گیاجبکہ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو بھی 25منٹوں کیلئے بند کرنا پڑ گیا اور کئی پروازیں منسوخ ہوگئیں ۔متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوموار کی صبح سے منگل دوپہر تک مسلسل گرج چمک کیساتھ طوفانی بارشیں ہوئیں جبکہ کئی علاقوں میں کلائوڈ برسٹ بھی ہوا۔
مسلسل جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیںجبکہ رہائشی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور بارش کا پانی گھروں ، شاپنگ مالز، میٹروسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ بارشوں کا دوسرا اسپیل منگل کی دو پہر سے جمعرات تک جاری رہے گا۔
اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے حکام نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کر دی ہے اور کہاگیا ہے کہ صرف انتہائی ضروری کام سے ہی گھروں سے باہر نکلیں۔حکام نے یہ ہدایات بھی دیں کہ زیادہ پانی والی جگہ سے دوراور اونچے مقام پر اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پارک کریں۔حکومتی اعلان کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کے لیے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب سلطنت آف عمان میں بھی شدید بارشوں کے نتیجے میں شمال اور مشرق میں کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ موسمی صورتحال کے باعث پانچ صوبوں میں دفاتر میں کام معطل کردیا گیا ہے، حکام نے لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔ مختلف حادثات میں 17 افراد ہلاک ہو گئے، سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ جانے سے زیادہ تر اموات ہوئیں، جن میں سے نو سکول کے بچے تھے۔ عمان میں مزید بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔