انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی سے متعلق کیس میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی رہنما خدیجہ شاہ کے ورانٹ گرفتاری جاری کرد ئیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کے قابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کئے۔عدالت میں عدم پیشی پر خدیجہ شاہ کے ورانٹ گرفتاری جاری کئے گئے، عدالت نے خدیجہ شاہ کو 16 اپریل کو پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ورانٹ گرفتاری انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے جاری کئے، عدالت نے جناح ہاؤس توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں انہیں ٹرائل کے لیے طلب کر رکھا ہے، تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔یاد رہے کہ خدیجہ شاہ نے 9 مئی ہنگامہ آرائی کے الزامات میں 23 مئی 2023 کو خود کو لاہور پولیس کے حوالے کردیا تھا، وہ کئی ماہ تک جیل میں قید رہیں اور سماعت کے لیے عدالت میں بھی پیش ہوتی رہیں۔
آخر کار دسمبر 2023 میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ تھا کہ وہ 9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر ہونے والے حملوں کے لیے اکسانے والے افراد میں سرفہرست تھیں اور انہیں دہشت گردی اور دیگر الزامات کے تحت سرور روڈ پولیس میں درج ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 9 مئی کے مظاہروں کے نتیجے میں ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہزاروں کارکنوں اور حامیوں کی گرفتاریاں ہوئی تھیں، جبکہ کئی رہنماؤں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔اور کئی رہنماؤں نے الگ پارٹیوں میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی )رہنماؤں کے خلاف ملک بھر کے مختلف تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج ہیں ۔اور کئی رہنما جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ۔