راولپنڈی اور اسلام آباد میں رواں ہفتے متوقع بارشوں کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونی والی ٹی ٹوئنٹی سیریز متاثر ہونے کا خدشہ ہے
بارش کی پیش گوئی کے باعث پاکستان کا پریکٹس سیشن بھی منسوخ ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ جڑواں شہروںمیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران بارش برسنے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اٹھارہ ،20اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ دوسری جانب راولپنڈی میں بارش کے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز کے لئے پاکستان پہنچ چکی ہے اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی ایک روز قبل راولپنڈی میں رپورٹ کر دیا تھاتاہم گزشتہ دوپہر ایک بجے قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن شیڈول تھا جو کہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیاہے ۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا ہے جب کہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پریکٹس کریں گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز راولپنڈی میں 18 اپریل سے شروع ہو گی ۔