سعودی وزیر خاجہ شہزادہ فیصل بن فرحان 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے دورے میں اقتصادی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر توجہ دی جائیگی۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا اسلام آباد کے نورخان ائیربیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ اس موقع پر وہاں موجود بچوں نے سعودی وزیر خارجہ کو پھول پیش کیے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی قیادت میں آنے والے وفد میں وزیر پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبد المحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف، نائب وزیر برائے سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مزید التویجری، وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے تعمیر و ترقی کے سینیئر عہدیدار شامل ہیں۔
سعودی وفد میں شامل دیگر شخصیات چند گھنٹوں بعد پاکستان پہنچیں گی۔ سعودی وفد صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہم منصب وزرا سمیت آرمی چیف جنرل عاصم منیر اورخصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل کی اپیکس کمیٹی سے ملاقاتیں کرے گا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا دورہ بنیادی طور پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعوی عرب کے دوران ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ معاشی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے مفاہمت پر پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔ سات اپریل ہی کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں پانچ ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکج کے پہلے فیز کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘ معاشی مشکلات پر قابو پانے میں سعودی عرب پہلے بھی پاکستان کی مدد کرتا آیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان مکہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طے پانے والے معاہدوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے سے متعلق ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل یعنی خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل (ایس آئی ایف سی) قائم کی تھی جس کا مقصد خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک بالخصوص مملکت سعودی عرب سے سرمایہ کاری کو عمل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔ وزارت خارجہ پاکستان کے مطابق اس دورے کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت ترغیب دینا ہے۔