سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی سعودی وفد 15 سے 16 اپریل 2024 تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وفد سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفادلی، صنعت اور معدنی وسائل، بندر ابراہیم الخورائف، سرمایہ کاری کے نائب وزیر، بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ، محمد مازید التویجری، اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے اعلیٰ حکام پرمشتمل ہے۔یہ دورہ بنیادی طور پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ولی عہد اور سعودی وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان مکہ المکرمہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ہونے والی مفاہمت کو تیز کرنے کے سلسلہ میں ہوگا ۔
سعودی وفد کی صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور ہم منصب وزرا، چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس ) ، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور باہمی طور پر سود مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت طور پر متحرک کرنا ہے۔