پی ٹی آئی نے صوبہ پنجاب میں جلسے کرنے کی حکمت عملی ترتیب دینے کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل دیدی۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے قائم مقام صدر اور سیکریٹری جنرل حماد اظہر نے بتایا کہ پنجاب میں 21 تاریخ کے بعد جلسوں کی شروعات ہو گی، اس حوالے سے صوبے کی قیادت پر مشمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو جلسوں کے حوالے سے تمام حکمت عملی کی ترتیب دے گی۔
حماد اظہر نے بتایا کہ کمیٹی میں ریحانہ ڈار، مہربانو قریشی، زرتاج گل، سیمابیہ طاہر، کنول شوذب، حافظ حامد رضا اور شیخ وقاص اکرم شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مونس الہیٰ، میجر طاہر صادق، ملک عامر ڈوگر، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، ذلفی بخاری، زین قریشی، احمد چھٹہ، معین قریشی، ملک احمد خان بچھڑ، میاں اسلم اقبال، مہر عبدالستار، شوکت بسرا، شبیر قریشی، عون عباس بپی ، رائے حسن نواز، اعجاز منہاس، شاداب جعفری اور زبیر نیازی بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں۔
دوسری طرف تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اپوزیشن اتحاد کی جانب سے اگلا جلسہ رواں ماہ لاہور میں کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں عمر ایوب نے اپوزیشن گرینڈ الائنس میٹنگ بارے تفصیلات سے آگاہ کیا، اس دوران پشین جلسے کی کامیابی کے بعد اگلا جلسہ پنجاب میں کرنے کے لیے گفتگو کی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی کے سربراہ اسد قیصر برطانیہ مانچسٹر میں اہل خانہ سے ملنے گئے ہوئے ہیں، عمر ایوب سے ٹیلی فونک رابطے میں گرینڈ الائنس کی جانب سے اگلا جلسہ رواں ماہ کے آخر میں لاہور میں کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، اسد قیصر کی جانب سے لاہور جلسہ منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔