چترال میں تین دن کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

چترال میں تین دن کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خدشہ، چترال میں تعلیمی ادارے تین دن کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے لوئر چترال میں 15 اپریل سے 17 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے خدشے کے پیش نظر بند کیے گئے ہیں۔ ڈی سی لوئر چترال کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) لوئر چترال نے درخواست کے ذریعے سکولوں کو بند کرنے کی تجویز دی ہے۔بارش کے پانی اور لینڈ سلائیڈنگ سے موسمی ندی نالوں کے بھر جانے کی وجہ سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ موسمی حالات میں اساتذہ اور طلبا و طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع لوئر چترال کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو 3 دن یعنی 15 اپریل سے 17 اپریل 2024 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بارشوں کے باعث چترال ٹو پشاور روڈ مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ،آمدو رفت معطل ہوگئی ہے ۔لواری ٹنل روڈ پر”مینہ خوڑ”میں طغیانی آگئی ،سیاحوں سمیت چترال جانے والے مسافر وں کو سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔دوسری جانب چمرکھن نالے میں طغیانی آنے سے سیاحوں کی گاڑی متاثر جبکہ لوئر چترال بیلپوک گائوں میں بھی سیلاب ریلے سے چترال گرم چشمہ روڈ بندہوگئی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا صوبے میں بارشوں سے ہونیوالے قیمتی جانی نقصان پر غم کا اظہار
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے مالی نقصانات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔وزیراعلی نے متاثرہ خاندانوں کے لئے مالی معاونت کا اعلان بھی کیا اور متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت جاری کی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *