حلقہ پی پی 149میں ضمنی انتخابات سے قبل ہی استحکام پاکستان پارٹی کے اُمیدوار کو کامیابی مل گئی، مدِمقابل آزاد امیدوار شعیب صدیقی کے حق میں دستبردار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی جب صوبائی حلقہ پی پی 149 سے آزاد امیدوار رانا محمد اکرم آئی پی پی کے امیدوار شعیب صدیقی کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ آزاد امیدوار رانا محمد اکرم نے شعیب صدیقی سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انکے حق میں الیکشن سے دستبرداری کا اعلان بھی کیا۔ شعیب صدیقی نے رانا محمد اکرم کی جانب سے حمایت کے اعلان پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ 21 اپریل کو جیت کر پی پی 149 کے عوام کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان کے ویژن کے مطابق ترقی و خوشحالی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کی نشست چھوڑدی تھی اور قومی اسمبلی کی این اے 117 کی سیٹ پر قومی اسمبلی جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ضمنی انتخاب میں استحکام پاکستان پارٹی اور ن لیگ نے مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے ماہانہ تنخواہ، سرکاری گاڑی و دیگر مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اجلاسو ں و مہمانوں کی خاطر داری بھی اپنی جیب سےکرنے کا اعلان کیااورکسی بھی وزارت سے کسی قسم کی سرکاری مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ صاحب حیثیت افراد کو سرکاری خزانے پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے لیے ہمارے پاس بہت وقت ہے جو ہم آئندہ 5، 10 سال بھی کر سکتے ہیں لیکن ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے موجودہ 5 سال اہم ترین ہیں، اگر یہ وقت بھی ضائع ہو گیا تو ہمارے پاس آپشن بہت کم رہ جائیں گے۔