اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے عمران خان کی جلد رہائی کا دعویٰ کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آنیوالے دور پی ٹی آئی کا ہے اور یہ حکومتیں ختم ہوجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنماء اور قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے عوام کو شعور دیا اس لیے شریف خاندان قیدی نمبر 804 سے خوفزدہ ہے، عمران خان جلد رہا ہوں گے، آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے اور یہ حکومتیں ختم ہو جائیں گی۔انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے، یہ پرانا پاکستان نہیں ہے اب لوگ بیدار ہو چکے ہیں، پشین اور چمن جلسوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھنڈے نہیں لہرانے دیئے گئے، کارکنوں کو زد و کوب کیا گیا لیکن رکاوٹوں کے باوجود جلسے کامیاب ہوئے۔
عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ ہمارے اتحاد میں شامل جماعتیں پورے ملک میں جلسے کریں گی، سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بہت جلد رہا ہوں گے، سویلینز کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں ہونا چاہئے، سویلین کیلئے سویلین عدالتیں ہونی چاہئیں، بلوچستان کے وسائل پہلے بلوچستان کے لوگوں پر خرچ ہونے چاہئیں۔گزشتہ روز اپوزیشن اتحاد ’تحریک تحفظ آئین‘ کے زیر اہتمام پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی ہے لیکن حکومت بلوچستان نے پشین کے راستے میں جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سے کارکنوں اور پارٹی کے جھنڈوں کو نہیں چھوڑا جارہا لیکن ہم ملک میں جہاد کے لیے نکلے ہیں یہ جہاد ملک کی آئین اور بالادستی کے لیے ہے اور اس تحریک کے ذریعے اپنا حق لے کر رہیں گے۔