صدر آصف زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیساکھی کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر دنیا بھر اور پاکستان میں مقیم سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پیار، محبت اور امن کا پیغام دینا چاہتا ہوں، آئیں مل کر ایک پر امن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بیساکھی کے تہوار پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنیپیغام میں کہا کہ میں بیساکھی کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر دنیا بھر اور پاکستان میں مقیم سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔دیسی مہینہ بیساکھ بہار کے موسم کی علامت ہے، بیساکھی پیار ،محبت اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے۔ بیساکھی کے رنگ اس خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔حکومت پاکستان اور تمام صوبائی حکومتیں اس امر کو یقینی بنا رہی ہیں کہ بیساکھی کی رسومات ادا کرنے کے لیے پاکستان میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کرنے والے دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے موقع پر میں آپ سب کو پیار، محبت اور امن کا پیغام دینا چاہتا ہوں، آئیں مل کر ایک پر امن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکھ برادری کو بیساکھی کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیساکھی کا تہوار امن اور سلامتی کا پیغام دیتا ہے،پاکستان اقلیتوں اور اْن کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بیساکھی کا تہوار خوشیوں اور محبت کا پیغام بھی دیتا ہے ،پاکستان کو اپنے ثقافتی ورثے میں تنوع پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔پاکستان اقلیتوں اور اْن کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ملک کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔