ایران اور اسرائیل میں پیدا ہونیوالی کشیدگی کےسبب سعودی عرب نے بھی اہم بیان جاری کر دیا۔
سعودی عرب کی جانب سے خطے میں کشیدگی بڑھنے اور اس کے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، سلامتی کونسل عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں ذمہ داری پوری کرے۔سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں عالمی امن اور سلامتی کا معاملہ انتہائی حساس ہے۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق بحران پھیلتا ہے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
علاوہ ازیں بھارت نے اپنے شہریوں کو خطے کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں میں ایران اور اسرائیل کا سفر کرنے سے منع کر دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے بھارت کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شہری خطے کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں ایران اور اسرائیل کا سفر نہ کریں۔ بھارتی وزارت خارجہ نے ان دونوں ممالک میں مقیم اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ ’وہ اپنی حفاظت کے بارے میں انتہائی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنی نقل و حرکت کو محدود کردیں۔یہ ایڈوائزری ایران کی جانب سے رواں ماہ شام میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے خلاف جوابی کارروائی کی دھمکیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ دوسی جانب امریکا اور روس سمیت کئی ممالک نے بھی خطے میں اپنے عملے اور شہریوں کے لیے اسی طرح کی سفری ایڈوائزری جاری کی ہے۔