پشین جلسہ، سینیٹر طلال چوہدری نے اپوزیشن کی تحریک ناکام قرار دیدی

پشین جلسہ، سینیٹر طلال چوہدری نے اپوزیشن کی تحریک ناکام قرار دیدی

حکومت نے پشین میں اپوزیشن اتحاد کا جلسہ ناکام قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق سینئر ن لیگی رہنما سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پشین میں جلسے سے ثابت ہوگیا کہ اپوزیشن کی تحریک شروع ہوتے ہی ناکام ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا ناکام جلسہ کرسی کے حصول کی کوشش ہے جبکہ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔سینیٹر طلال چوہدری نے استفسار کیا کہ پشین جلسے میں کسی نے نوشکی میں ہونیوالی دہشتگردی کی مذمت کی؟کیا پشین جلسے میں کسی نے فلسطین پرکوئی بات کی؟ اور کیا کسی نے لوڈشیڈنگ، مہنگائی یا عوام کے مسائل پر بات کی؟ن لیگی سینیٹرکا کہنا تھا کہ یہ سب کرسی کا چکر ہے، یہ جلسوں سے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں جو کیا عوام خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں، عوام گالم گلوچ کی سیاست نہیں اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ نومنتخب حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد نے اپنی حکومت مخالف تحریک کا آغاز بلوچستان سے کردیا ہے۔ حکومت مخالف تحریک کے لیے 6 جماعتوں کے درمیان اتحاد طے پایا ہے جس میں پاکستان تحریکِ انصاف، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، جماعت اسلامی، مجلسِ وحدت المسلمین اور سنی اتحاد شامل ہیں۔تحریک کا باقاعدہ آغاز آج بلوچستان کے ضلع پشین سے کیا گیا، جہاں 6 جماعتی اتحاد کی جانب سے جلسہ عام منعقد ہوا، اور قومی اسمبلی کے اپویشن لیڈر عمر ایوب، تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت، سردار اختر مینگل، محمود خان اچکزئی سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

جبکہ اپوزیشن اتحاد کے جلسے سے قبل پشین میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی اورباقاعدہ طور پر دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ،جس کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پشین میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر پشین کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد شہر میں 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی جبکہ کسی کو بھی مین شاہراہوں اور سڑکوں کو بند کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *