پنجاب سمیت ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی، پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی جانب سے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی گئی ہیں، پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سپل 15 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے ، پی ڈی ایم اے نے اپنے الرٹ میں کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور نکاسی آب کیلئے تمام تر وسائل اور مشینری استعمال میں لائی جائے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
محکمہ موسمیات کے پیشنگوئی کی ہے کہ 15اپریل تک مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں وقفے وقفے سے جبکہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا ،میانوالی، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، ، ملتان، پاکپتن، ساہیوال، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، صادق آباد، خان پور،بہاولپور اور بہاولنگرمیں وقفے وقفے سے آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔15اپریل تک بعض اضلاع میں چند مقا مات پرجھکڑ چلنے اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اور 14 اپریل کے دوران تیز /موسلادھار بارش کے باعث ڈیرہ غازی خان، کوہ سلیمان، خضدار، زیارت، ژوب ، شیرانی، مسلم باغ، کوئٹہ، پشین، کیچ، پنجگور، گوادراور تربت کےبرساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خطرہ ہے۔ آج رات سے 15 اپریل کے دوران تیز /موسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ کے مقامی ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔