پاکستان نے1ارب ڈالرز کے یوروبانڈ کی ادائیگی کر دی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان کے انٹرنیشنل بانڈ پر 1ارب ڈالر بمع منافع کامیابی سے ادائیگی یقینی بنائی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسی حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے انٹرنیشنل بانڈ پر 1ارب ڈالربمع منافع کی ادائیگی 12اپریل کو کامیابی سے یقینی بنائی ہے۔ بانڈز ہولڈر میں رقم کی تقسیم کیلئے یہ ادائیگی ایجنٹ بینک کو کی گئی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں رواں سال کے دوران 4ارب ڈالرز سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 9.335ارب ڈالر تھا ۔ 30جون 2023کو ختم ہونیوالے مالی سال کے اختتام پر سٹیٹ بینک کے اس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 3.912ارب ڈالر اور کمرشمل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کےذخائر کا حجم 5.423ارب ڈالر تھا۔
رواں مالی سال کے آغازسے اب تک زرمبادلہ کے ذخائرمیں مجموعی طورپر4.044 ارب ڈالر اضافہ ہوا ہے، سٹیٹ بینک کی جانب سے گزشتہ ہفتے کے اختتام پرجاری اعدادوشمارکے مطابق 29 مارچ کوختم ہونے والے ہفتے میں ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کا حجم 13.379 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 8.040 ارب ڈالر اوربینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 5.339 ارب ڈالر تھا، تاہم اس ادائیگی سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر کم ہو کر تقریبا 7 ارب ڈالر رہ گے لیکن پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے رقم موصول ہونے کی توقع ہے۔بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستانی حکام نے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی انتظامات کے دوسرے اور حتمی جائزے پر عملے کی سطح کا معاہدہ کیا تھا، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں ہوگا جس میں منظوری سے پاکستان کو ایس بی اے کی آخری قسط کے طور پر تقریبا 1.1 بلین ڈالر کے فنڈز حاصل کرنے کا امکان ہے۔